ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک کے ہاسن میں 38 بندروں کی ہلاکت کے سلسلہ میں 7 افراد گرفتار

کرناٹک کے ہاسن میں 38 بندروں کی ہلاکت کے سلسلہ میں 7 افراد گرفتار

Wed, 04 Aug 2021 11:15:45    S.O. News Service

ہاسن،4؍ اگست (ایس او  نیوز)حکام نے 38 بندروں کی ہلاکت کے سلسلہ میں 7 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ واقعہ پانچ دن قبل ہاسن ضلع میں پیش آیا تھا۔29جولائی کو پہلے 38بندروں کو زہر دے کر ہلاک کردیا گیا اور ایک تھیلے میں بند کرکے رکھ دیا گیا تھا۔ یہ تھیلا ہاسن ضلع کے بیلور تعلقہ میں ایک سڑک پر ملا تھا۔ ایک بندر کسی طرح بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ وہ اسی تھیلے کے قریب بیٹھا ہوا پایا گیا تھا۔اس واقعہ سے کئی لوگوں کو افسوس ہوا تھا۔ ریاستی ہائی کورٹ نے بھی اس پر افسوس جتایا تھاجس نے از خود ایک مقدمہ بھی درج کیا تھا۔بیلور پولیس نے اس سلسلہ میں پانچ افراد کو گرفتار کیا جبکہ محکمۂ جنگلات کے افسران نے مزید دو کو پکڑا۔ ایک اخباری رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعہ 429 اور پریونشن آف کروئلٹی ٹوانیملس قانون کے تحت ملزمین کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔گرفتار شدگان میں سے دو کو علاقائی عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔ باقی ملزمین محکمۂ جنگلات کی تحویل میں ہیں۔ان میں سے ایک نے مبینہ طور پر پولیس کو بتایا ہے کہ ان لوگوں نے ایک کنٹراکٹر کی خدمات حاصل کرکے بندروں کو پکڑاوایا تھا تاکہ انہیں کسی دوسری جگہ منتقل کیا جائے۔ اس سے انہیں بھاری رقم ملتی تھی۔ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ سے ظاہر ہوا ہے کہ ان بندروں کو زہر دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ چند بندروں کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے بھی ہوئی کیونکہ ان سب کو ایک ہی تھیلے میں بند کیا گیا تھا۔ ہاسن کے ڈپٹی کنزرویٹر آف فاریسٹ نے بتایا کہ سلاگامے گاؤں کے لوگ بندروں کی لعنت سے پریشان تھے۔ اس لئے انہوں نے رقم اکٹھا کی اور دو بندر پکڑنے والوں کی خدمات حاصل کیں تاکہ وہ انہیں پکڑ کر کسی دوسرے مقام پر لے جاکر چھوڑدیں۔اس کے لئے ان کو چالیس ہزار روپئے کی رقم دی گئی۔ ان دونوں یشودھا اور رامو کے ساتھ ساتھ گاؤں والوں کے خلاف بھی معاملہ درج کیا گیا ہے۔


Share: